بھارت: پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف ملک گیر مظاہرے‘ ہڑتال‘ توڑ پھوڑ ٹرینیں روک لی گئیں

01 جون 2012
نئی دہلی (آن لائن) بھار ت میں پٹرولےم کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع ہوگیا ہے جس سے تجارتی سرگرمیاں، بس اور ٹرین سروس متاثر ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے بھی کئے گئے۔ بھارت میں چھ ماہ کے دوران ایک بار پھر پٹرولیم کی قیمتوں میں ساڑھے سات روپے فی لیٹر اضافہ بھارتی حکومت کے گلے پڑ گیا اور کئی دنوں سے نالاں عوام سڑکوں پر آگئے۔ بھارت میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر جمعرات کو بھارت بند تحریک کے تحت کئی شہروں میں شٹرڈاون کیا گیا۔ نئی دلی ، پٹنہ، امرتسر، بنگلور اور گجرات میں شدید احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں ہزاروں افراد نے شریک ہوکر تیل کی قیمتوں میں اضافہ پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ پونے اور ستارا میں کئی بسوں کو نقصان پہنچایا گیا۔ جبکہ بھارتیا جنتا پارٹی کے کارکنوں نے دلی کی مندر روڈ بلا ک کردی،ناگ پور ، پونے ، اورکرناٹک میں جاری مظاہروں میں کئی بسوں پر پتھر برسائے۔ سماج وادی پارٹی نے لکھنو میں ٹرین ٹریک بند کردیا اور سٹوڈنٹس ونگ نے الہ آباد جانے والی ایکسپریس روک دی، ونارسی میں بھی 3 ٹرینیں متاثر ہوئی ہیں۔ مظاہرین نے ایسٹ ویسٹ کولکتہ بائی پاس بھی بند کردیا۔