اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ بھارت نے بھی پاکستان کو پچھاڑ دیا

01 جون 2012
لاہور /ایپوہ (سپورٹس رپورٹر/نیوز ایجنسیاں) ملائیشیا میں اکیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کو اپنے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بھارت نے یہ میچ ایک کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا۔ اس کے بعد پاکستان کے ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی کے امکانات ختم ہوگئے ہیں۔پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم چار میچوں میں نو پوائنٹس کے ساتھ سرِفہرست ہے جبکہ پاکستان کے پانچ میچوں میں تین پوائنٹس ہیں اور وہ ساتویں اور آخری نمبر پر ہے۔ آج آرام کا دن ہے۔ پاکستان چھٹا میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ قومی ہاکی ٹیم کے سابق اولمپئن شہناز شیخ نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ٹیم ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے نہیں گئی تھی۔