عظیم پاکستانی سپوت کی شہادت اور حکومتی بے حسی

01 جون 2012
مکرمی!2روز قبل سا بق وزیر اعلی غلام حیدر وائیں کے شہر میاں چنو ں کے جوان ایس پی شاہ محمد ایڈمن ایسٹ کراچی نے ٹارگٹ کلنگ کے واقع میں جام شہادت نوش کیا۔امن کی خاطر جاری جنگ میں شہادت پا نے والے اس شہید نے تو اپنے فرض کی تکمیل کی اس کی موت اس وقت لمحہ فکریہ بن گئی جب اس کا جسد خاکی اس کے آبا ئی شہر میاں چنوں کے نواز شریف سٹیڈیم پہنچنے پر کوئی بھی حکومتی شخصیت شمولیت سے قاصر نظر آئی۔ وزیراعظم گیلا نی جن کا تعلق خود جنوبی پنجاب سے ہے وہ اور اس سٹیڈیم کے بانی رہنماﺅں نے اس شہادت کو تعصب کا شکار بنا دیا ہے۔جب شاہ محمد شہید نے ملک کی خاطر قربانی دیتے ہو ئے کسی قسم کی آر محسوس نہیں کی تو کیا ہمارے حکمرانو ں کافرض نہیں بنتا کہ بغیر کسی امتیاز کے آ گے بڑھ کر اس شہید کے بچوں کے سر پر دست شفقت رکھیں۔میری وزیراعظم، گورنر اوروزیراعلی سے گزارش ہے کہ لازم نہیں کہ ہر شہید کے لواحقین کو آپ کی معاونت کی ضرورت ہو بلکہ آپ کا مخلصانہ رویہ بھی ان کے لیے شفقت کا باعث بن سکتا ہے۔
(عمیر لطیف(عزیزایس پی شاہ محمد شہید) (0321-4358736)
واپڈا کے میٹر ریڈرز کا کردار
مکرمی! حال ہی میں لیسکو لاہور ریجن کے چیف ایگزیکٹو جناب شرافت علی سیال صاحب نے بجلی چوری روکنے اور ریکوری کی صورتحال بہتر بنانے پر واپڈا افسران کو انعامات سے نوازا ہے‘ دیکھا جائے تو واپڈا میں کارکردگی کے لحاظ سے میٹر ریڈرز ایک ایسا طبقہ ہے جو شہریوں کی چیخ وپکار کو نظرانداز کرتے ہوئے ہر ماہ زائد ریڈنگ ڈال کر لیسکو لاہور ریجن کی مالی حالت کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔یہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے کہ انہیں بجلی ملتی نہیں مگر ریٹ متواتر بڑھائے جا رہے ہیں۔ زائد ریڈنگ ہر ماہ ڈالی جا رہی ہے‘ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے نام پر بل سے کئی گنا زیادہ رقم وصول کی جا رہی ہے مگر کوئی شخصیت یا ادارہ اس سلسلہ میں آواز نہیں اٹھا رہا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو لاہور سے درخواست ہے کہ وہ میٹر ریڈنگ کا نظام ہی کم از کم درست کر دیں تاکہ غریب عوام کو قدرے سکون مل سکے۔ (عبدالحق.... لاہور)
کار خیر
مکرمی! میں نے ساری زندگی محنت کرکے ایک کنال کا پلاٹ خریدا، میں چاہتا ہوں کہ اس پلاٹ پر یتیم بچوں اور بچیوں کے لئے ایک سکول تعمیر کیا جائے جن کی تعلیم کے تمام اخراجات ہم خود برداشت کریں، جن لوگوں کو اللہ کی ذات نے بے شمار دنیاوی مال دیا ہے اور اللہ کی راہ میں خرچ بھی کرنا چاہتے ہیں وہ اس کار خیر میں ضرور حصہ ڈالیں۔ (مصور حسین کاظمی۔ 0322-4550305)