جائیداد کے تنازع پر فائرنگ‘ ایک شخص ہلاک‘ تدفین کے موقع پر بھی جھگڑا
مخدوم رشید (نامہ نگار) تھانہ مخدوم رشید کے نواحی علاقہ موضع بوٹے والا بستی کوٹھے والا پر علی احمد سندھو کی نماز جنازہ اور جائیداد کے تنازع پر دو گروپوں میں فائرنگ ہوئی، جس کے نتیجہ میں اقبال نامی شخص جاں بحق ہوگیا، ذرائع کے مطابق علی احمد سندھو کی نماز جنازہ گزشتہ صبح 9بجے ادا ہونی تھی کہ دفنانے پر دوگروپوں میں تنازع کھڑا ہوگیا، ایک گروپ آبائی قبرستان میں دفنانا چاہتا تھا جبکہ دوسرا گروپ علی احمد کے بنائے ہوئے مدرسہ میں دفنانے پر بضد تھا، ذرائع نے مزید بتایا کہ اس میں اصل تنازع جائیداد کا تھا، جس پر دونوں گروپوں میں فائرنگ ہوئی اور اقبال نامی شخص کو گولی لگی،جو شدید زخمی ہوگیا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اقبال خالقِ حقیقی سے جا ملا، تاہم پولیس ترجمان کے مطابق ایک گروپ نے علی احمد سندھو کو زہر دینے کا الزام لگایا ہے جس پر علی احمد سندھو کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے، پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے بعد مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی، واضح رہے کہ تاحال کسی کوگرفتار نہیں کیا گیا۔