تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوئی ، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔گرمی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ۔ لاہور ، راولپنڈی، اسلام آباد سمیت مری، گلیات، ایوبیہ ، نتھیا گلی میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی ، لاہور میں علی الصبح مطلع ابر آلود ہونے اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا. راولپنڈی اسلام آباد کے گرد و نواح میں بھی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے. شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ذیادہ سے ذیادہ 36 سینٹی گریڈ تک رہے گا ۔ ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم جبکہ بالائی اضلاع میں شدید بارش متوقع ہے جبکہ گلگت بلتستان کشمیر میں مطلع ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ کشمیر میں ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے .خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
کراچی کے علاقے گلشن حدید میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی. آج بھی شہر میں بوندا باندی، ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ کل رات سے شہر میں تیز بارش ہونے کی پیش گوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق وسطی بھارت سے سسٹم آج رات پاکستان کے شمالی علاقوں میں داخل ہوگا، جب کہ سندھ میں کل سے یہ سسٹم فعال ہو جائے گا، جو کراچی میں بھی اثر انداز ہوگا، جس سے کراچی میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش کا امکان اور اربن فلڈ کا خدشہ ہے۔یہ سسٹم 3 جولائی کو تھرپارکر، اندرون سندھ تیز بارش کا سبب بنے گا، جب کہ کراچی میں بارش کا ہیوی اسپیل 3 جولائی کی صبح شروع ہونے کا امکان ہے۔