آرمی چیف سے چینی خارجہ امور کمیشن کے ڈائریکٹر کی ملاقات
کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی پولٹ بیورو کے رکن اور خارجہ امور کے مرکزی کمیشن کے ڈائریکٹر یانگ جیچی دو روزہ دورے پر پاکستان میں ہیں۔ دورے کے پہلے روز انھوں نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاعی تعاون اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے، پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان اپنی سٹرٹیجک شراکت داری کو بڑھانے کا منتظر ہے۔ یانگ جیچی نے پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ، علاقائی استحکام کی کاوشوں پر آرمی چیف سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید وسعت لائی جائے گی۔ پاکستان اور چین کے مابین تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں اور خطے میں طاقت کے توازن اور چھوٹے ممالک کی فلاح و بہبود اور ترقی کے یہ تعلقات ممد و معاون ثابت ہوں گے۔ چین نے کئی مشکل مواقع پر پاکستان کا ساتھ دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا سچا دوست ہے۔ سی پیک منصوبہ جو خطے میں ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے پاکستان اور چین کی دوستی کو ایک نئے مرحلے میں داخل کرنے کا باعث بنا۔ حکومت کو چاہیے کہ اس منصوبے کو خصوصی توجہ کا مرکز بنا کر اس کے ذریعے نہ صرف معاشی استحکام کی راہ ہموار کرے بلکہ چین کے ساتھ اپنے دوستی اور تعاون کو بھی مزید مضبوط بنائے۔