کراچی: گورنر نے الخدمت اسپتال میں کرونا ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کر دیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے الخدمت اسپتال ناظم آباد میں قائم کی گئی کورونا ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کیا۔ الخدمت فائونڈیشن کے چیئرمین، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان، اراکین صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ ، ریاض حیدر اور کارپوریٹ بزنس گروپ کے روح رواں اظفر احسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لیب میں عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ٹیسٹ کیا جائے گا جس کی فیس 3000 روپے رکھی گئی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ الخدمت کے طبی مراکز عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس لیب سے خصوصا کراچی وسطی اور غربی کے اضلاع کے عوام کو کورونا کے ٹیسٹ کو سہولت حاصل ہوگی۔گورنر سندھ نے کہا کہ لیب کو نفع نہ نقصان کی بنیاد پر چلانا خوش آئند ہے جبکہ اصل لاگت سے 1500 روپے کم یعنی 3000 میں کورونا کے ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے پر اسپتال انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے ۔ گورنر سندھ نے لیب کے قیام کے ضمن میں کارپوریٹ بزنس گروپ اور اظفر احسن کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مریضوں کے اوپر بہت بڑا احسان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا، اس کے جلد خاتمہ کے آثار نہیں ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچا کے لئے عوام میں آگاہی انتہائی ضروری ہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ ہاتھ نہ ملانے، گلے نہ ملنے، بار بار ہاتھ دھونے کو اپنے طرز زندگی کا حصہ بنا کر ہی ہم کورونا کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ حفاظتی سامان کی فراہمی سے اسپتال کے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو فرائض کی بہتر ادائیگی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے مراکز میں طبی عملہ کو حفاظتی لباس کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز ، طبی اور صفائی ستھرائی پر مامور عملہ فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ فرنٹ لائن سولجرز کی قربانیوں پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیمیں اہم خدمات انجام دے رہی ہیں خصوصا صحت کے شعبہ میں کام کرنے والی این جی اوز کی خدمات لائق تحسین ہیں اور ان میں الخدمت کا نام بھی آتا ہے۔ صوبہ کے تین اسپتالوں کو وفاق کے حوالے کئے جانے کے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت وفاقی حکومت ان اسپتالوں کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرے گی تاکہ عوام کو صحت کی مزید بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں ۔ کارپوریٹ بزنس گروپ کے روح رواں اظفر احسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس پروجیکٹ پر 30 ملین روپے کی لاگت آئی ہے جبکہ پورے کمپلیکس کی تعمیر کے لئے 400 ملین روپے درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گروپ میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی سے اور انہوں نے مشترکہ طور پر اس پروجیکٹ کے لئے رقوم فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی جوکہ الخدمت کی دیانت کا ثبوت ہے۔ اس موقع پر کورونا لیب کی پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر نائلہ طارق نے بتایا کہ یہ لیب عالمی ادارہ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت لیب 2002 سے کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیب ڈیڑھ ماہ کے قلیل عرصہ میں تیار کی گئی ہے۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے لیب کا افتتاح کیا اور اس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔ گورنر سندھ کی جانب سے اسپتال کو حفاظتی سامان اور ماسک کا عطیہ بھی دیا گیا۔