اسرائیل اور شام کے درمیان جنگ بندی‘ سلامتی کونسل نے 6 ماہ توسیع کی منظوری دے دی
اقوام متحدہ(اے پی پی) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل اور شام کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنے کے لیے گولان ہائٹس پر اپنے امن مشن کے مینڈیٹ کی مدت میں رواں سال 31 دسمبر 2020ء تک توسیع کی قرارداد منظور کر لی۔ اقوام متحدہ کی ڈس انگیجمنٹ آبزرور فورس (یو این ڈی او ایف) اسرائیل اور شام کے درمیان جنگ بندی کے لیے گولان ہائٹس پر 1974ء سے تعینات ہے۔ سلامتی کونسل کے 15 ارکان نے گولان ہائٹس پر امن مشن کی توسیع کی قرارداد 2530 کی متفقہ طور پر حمایت کرتے ہوئے زور دیا کہ اسرائیل اور شام 1974ء کی جنگ بندی کی شرائط پر مکمل ذمہ داری سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور جنگ بندی اور بفر زون کی خلاف ورزی کو روکا جائے۔ سلامتی کونسل نے اس بات کی نشاندہی کی کہ بفر زون میں کسی بھی قسم کی فوجی سرگرمی نہیں ہونی چاہئے۔