پاکستان میں غیر قانونی افغان مہاجرین
مکرمی !ایک تازہ ترین رپورٹ کے مطابق اس وقت پاکستان میں 25 لاکھ سے زائد افغانی غیرقانونی طور پر رہائش پذیرہیں۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا طالبان امن معاہدے پر عملدرآمد اور افغان حکومت و طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرات سے پاکستان میں بھی امن قائم ہوگااور 27 لاکھ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی ممکن ہوگی۔افغان مہاجرین کی وطن واپسی سے پاکستان میں بے روزگاری‘ مہنگائی اور افراط زر میں کمی متوقع ہے جبکہ پاکستان کے خلاف افغانستان کی زمین استعمال کو روکنے کے ساتھ ساتھ ا فغانستان کے مستقبل کا فیصلہ بھی ہو سکے گا۔پاکستان کے افغان مہاجرین کو پنا ہ دینے اور ان کے طویل عرصے تک پاکستان میں باعزت طور پر رہنے سے دنیا بھر میں ایک اچھا پیغام ملا۔مگر اس کا ایک دوسرا پہلو بھی جسے بھیانک کہا جاسکتا ہے،پاکستان میں اسلحہ اور ہیروئن کلچر بھی مہاجرین ہی کی بدولت در آیا اور سب سے بڑھ کچھ نامراد اوراحسان فراموش مہاجرین بھارت کے لئے جاسوسی کرتے اور دہشتگردوں کے سہولت کار بھی رہے۔لہٰذا اب جتنا جلد ممکن ہے قانونی اور غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کو ان کے وطن بھیجنے کی کوشش کی جائے۔(حمیر انور نارووال)