آرمی چیف کا دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کا عزم
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم اپنی پرعزم قوم کی حمایت کے ساتھ محنت اور شہدا کی قربانیوں کی بدولت حاصل کئے گئے امن کوعدم استحکام سے دو چار کرنے کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملے میں شہادت کا رتبہ پانے والے سکیورٹی گارڈز کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔
سکیورٹی گارڈز نے اپنی جان قربان کرکے دہشت گردوں کو اندر داخل ہونے سے روکا اور دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنادیا۔دہشت گردغالباًاے پی ایس جیسا کوئی سانحہ برپا کرنے کی ناپاک سازش کو عملی جامہ پہنانا چاہتے تھے۔ سٹاک ایکسچینج کی عمارت کی حفاظت پر مامور گارڈز اور پولیس اہلکار کوئی کمانڈوز نہیں تھے مگر انہوں نے اپنی آنکھیں کھلی رکھیں حواس کو بحال رکھا اور اپنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مقابل آگئے۔ اس دوران مزید پولیس اور رینجرز بھی پہنچ گئے یوں صرف آٹھ منٹ میں ناقابل یقین کارنامہ سامنے آیا۔ چار کے چار دہشت گر د جہنم واصل ہوگئے۔ اس حوالے سے ہر متعلقہ ادارے اور فرد نے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کیا۔ انٹیلی جنس ادارے ماسٹر مائنڈ تک پہنچ گئے۔ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے والے قوم کیلئے فخر اور ان کی قربانیاں امن کی ضامن ہیں۔ زخم خوردہ دہشت گرد اپنے آقائوں کی نمک حلالی کیلئے اپنی دھرتی سے نمک حرامی کرتے ہیں۔ وہ اول و آخر قابل نفرت اور انسانیت کے قتل کی سزا کے مستوجب ہیں۔ پاک فوج نے عظیم قربانیاں دے کر امن کے قیام کو ممکن بنایا۔ دشمن اپنے پالتو ایجنٹوں اور سہولت کاروں کی مدد سے پاکستان کے امن درپے ہے۔ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا اور اس کے پروردہ عناصر کی نشاندہی کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچانا ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے اور سب سے ایسے ہی کردار اور جذبے کی امید رکھی جاتی ہے جس کا اظہار کراچی سٹاک ایکسچینج کی حفاظت کیلئے مایہ ناز اہلکاروں نے کیا۔