کیسز کی تعداد پر ڈپٹی کمشنرز علاقے سیل یا کھولنے کا فیصلہ کریں گے: چیف سیکرٹری
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سمارٹ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد نئی حکمت عملی، ضروری ادویات کی قیمتوں، انکی سپلائی اور کراچی میں دہشتگردی کے بعد صوبہ میںسیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس چیف سیکرٹری آفس میں منعقد ہوا۔ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک ،کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم، سی سی پی او لاہو ذوالفقار حمید اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ آئی جی پنجاب، ڈویژنل کمشنرز، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے متاثرہ علاقوں کو سیل کرنے یا کھولنے کا فیصلہ کر سکیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامی افسران اضلاع میں کوویڈ19کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے کم از کم چار فارمیسیز نوٹیفائی کریں۔ مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں چار سے زائد فارمیسیز بھی نوٹیفائی کی جا سکتی ہیں۔