پاکستان انٹر نیشنل ائر لائن کی طرف سے قبل از حج پروازوں کا آغاز جمعرات سے کیا جائے گا جو آئندہ ماہ کی پانچ تاریخ تک جاری رہیں گی۔
یہ بات آج اسلام آباد میں ہوا بازی کے وزیر غلام سرور خان کی زیر صدارت ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے نے عازمین حج کیلئے مجموعی طورپر دوسو چورانوے پروازیں چلانے کی منصوبہ بندی کی ہے جبکہ حجاج کرام کوواپس لانے کیلئے پروازوں کا سلسلہ سترہ اگست سے شروع ہوگا جو چودہ ستمبر تک جاری رہے گا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ اس سال پہلی مرتبہ پی آئی اے کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں شروع کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت سعودی امیگریشن ٹیم کی طرف سے اسلام آباد ائرپورٹ پر اپنے کائونٹرز قائم کردیے گئے ہیں۔