نارووال اور گردونواح میں تیز آندھی اورموسلاداربارش کی وجہ سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ تیز بارش کی وجہ سے گرمی سے بچے بوڑھے اور جوان دیوانہ وار بارش میں نہانے کے لئے باہر نکل آئے۔

پچھلے کئی روز سے جاری شدید گرمی اور لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پریشان حال لوگوں نے باران رحمت پر اللہ کا شکر ادا کیا۔ دوسری جانب تیز بارش کی وجہ سے نارووال کے بازار اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے اور جگہ جگہ گندگی کے لگے ڈھیروں سے تعفن پھیل جانے سے شہر میں وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ ہے۔ نارووال ریلوے اسٹیشن کے علاقےمیں بارش کا پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ادھر بارش کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن آپریشن روم میں بکنگ آفس کی چھت سے پانی ٹپکنے سے کمرے میں پانی اور اسٹیشن ماسٹر کے کمرے میں بھی پانی کھڑا ہو گیا ہے، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے بار بار اعلیٰ حکام کی توجہ اس مسئلہ پر دلائی لیکن تاحال اس پر عمل نہیں ہوا۔