غزہ میں اسرائیلی مظالم کے بعد تیز طوفان بارش نے بھی تباہی مچا دی۔ پوری خیمہ بستی بارش کے پانی میں ڈوب گئی۔ متاثرہ افراد بے سہارا غزہ کے بے گھر افراد کی خیمہ بستیوں کو شدید نقصا ن پہنچا ،غزہ میں بارش کے باعث بے گھرفلسطینی افراد کے 1542 خیمے زیرِ آب آگئے۔جہاں بے گھر خاندان رہائش پذیر تھے۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران موسلادھار بارش سے متاثرہ علاقوں میں زندگی مزید دشوار ہوگئی،متاثرین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کے مطابق خیموں میں پانی کی سطح 30 سینٹی میٹر سے تجاوز کرگئی ۔بے گھر خاندان سردی سے کپکپاہٹ اور دیگر مشکلات کا شکار ہیں۔متاثرین کی قیمتی اشیا اور بستر خراب ہوچکے ہیں۔ شہرِ غز ہ میں یرموک سٹیڈیم، میونسپل پارک اور السرایا کمپلیکس میں 497 خیمے زیرِ آب آگئے ۔رفح میں سمندری پٹی اور دیگر علاقوں میں 170 خیمے متاثرہوئے ۔خان یونس ، الاقصیٰ یونیورسٹی اور دیگر مقامات پر 665 خیمے شدید متاثر ہوئے ۔الوسطی دیر البلح اور وادی السلقا میں 210 خیمے پانی میں ڈوب گئے۔ موسمی شدت کے باعث سینکڑوں خیموں میں پانی داخل ہوچکا ہے اور متاثرین کو فوری امداد کی اشد ضرورت ہے۔ خیمہ بستیوں کی حالت بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ ان خاندانوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔ یاد رہے ان خیمہ بستیوں میں مظلوم اسرائیلی دہشت گردی سے متاثر فلسطینی رہائش پذیر ہیں۔
غزہ کی خیمہ بستی: تیز طوفانی بارش کی تباہ کاریاں، ہر طرف پانی ہی پانی، ہزاروں خیمے زیرآب
Jan 01, 2025 | 16:14