امریکہ میں 93 قتل کرنے والے بدنام زمانہ سیریل کلر انتقال کر گیا

امریکہ کے سب سے مشہور اور خطرناک سیریل کلر سیموئل لٹل کا 80 سال کی عمر میں کیلیفورنیا کے ایک ہسپتال میں انتقال ہو گیا۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیلیفورنیا کے محکمہ اصلاحات کے ترجمان نے بتایا کہ 1980 کی دہائی میں مسیسپی اور فلوریڈا میں خواتین کے قتل کا الزام میں گرفتارسیموئل لٹل نے 1970 سے 2005 کے دوران 93 قتل کرنے کا اعتراف کیا تھااور اس کا نشانہ بننے والوں میں زیادہ تر خواتین تھیں۔انہوں نے بتایا کہ 6 فٹ 3انچ قد کے سابق باکسر سیموئل لٹل کو سموئیل میک ڈوویل کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ عام طور پر اپنے شکار کو گلا گھونٹنے سے پہلے زور دار گھونسوں سے مارتا تھا تاہم اس نے کبھی بھی مقتولین کے جسموں پر چھری کے وار یا گولی کے زخم جیسے نشانات نہیں چھوڑے تھے جس کی وجہ سے اس کے شکار افراد کی بہت سی اموات کی وجہ کو منشیات کی زیادتی، حادثات یا قدرتی موت قرار دے دیا جاتا تھا۔