براعظم افریقا کے مغرب میں واقع ملک کیمرون کی ساحلی حدود میں مسلح افراد نے یونان کے پرچم بردار ایک ٹینکر پر حملہ کیا ہے اور اس کے عملہ کے 28 میں سے آٹھ ارکان کو اغوا کر لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایک بیان میں یونانی حکام نے اس ٹینکر کے اغوا ہونے کی اطلاع دی اوربتایا کہ ان کے حملے میں عملہ کا ایک رکن زخمی ہوگیا ،ساحلی محافظوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس ٹینکر پر لیمبوہ کی بندرگاہ سے دو ناٹیکل میل دور حملہ کیا گیا ۔اس وقت یونان کا پرچم بردار ٹینکرہیپی لیڈی لنگرانداز ہونے کے لیے بندرگاہ کی جانب بڑھ رہا تھا۔اس ٹینکر کے اغوا کیے گئے عملہ کے آٹھ ارکان میں سے پانچ کا تعلق یونان سے ہے، دو فلپائنی اور دو یوکرینی شہری ہیں۔تاہم ساحلی محافظوں نے زخمی ہونے والے یونانی کی صحت کے بارے میں کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔کوسٹ گارڈ نے یہ بھی نہیں بتایا کہ آیا اغوا کاروں نے جہاز کی مالک کمپنی سے کسی قسم کے تاوان کا بھی مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ مغربی افریقا کے پانیوں میں تیل بردار اور مال بردار تجارتی بحری جہازوں کوقزاق تاوان کے لیے اغوا کرتے رہتے ہیں۔یونانی ٹینکر ہیپی لیڈی 183 میٹر (600 فٹ) طویل ہے۔یہ کیمیکلز یا تیل کی مصنوعات کی حمل ونقل کے لیے ڈیزائن اور تیارکیا گیا ہے۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024