نوائے وقت گروپ، بیلٹ اینڈ روڈ اکنامک انفارمیشن پارٹنر شپ میں شامل
تحریر : خاور عباس سندھو
عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے تاریخ کے سب سے بڑے پراجیکٹ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے متعلق اہم ترین حقائق پر مبنی خصوصی اشاعت پر ’’نوائے وقت‘‘ بیلٹ اینڈ روڈ اکنامک انفارمیشن پارٹنر شپ (BREIP) میں شامل ہونے والا پاکستان کا پہلا میڈیا گروپ بن گیاہے۔شنہوا نیوز ایجنسی نے ’’بیلٹ اینڈ روڈ اکنامک انفارمیشن پارٹنرشپ‘‘ کے تحت مواصلات میں آسانی پیدا کرنے کے لئے ممبران کے درمیان معلومات کے تبادلے اور کاروباری تعاون کے لئے ایک جدید اور موثر ٹیکنالوجی سے لیس پلیٹ فارم ’’بی آر انفو‘‘ (BRInfo) تشکیل دی رکھا ہے۔ چین کی قومی نیوز ایجنسی نے سلک روڈ کے ذریعے امن و تعاون اور سیکھنے کے باہمی جذبے کے تحت ’’بیلٹ اینڈ روڈ اکنامک انفارمیشن پارٹنرشپ‘‘ کا آغاز کیاہے۔ اقتصادی معلومات کے مربوط بین الاقوامی مواصلاتی نظام کی تشکیل کے ذریعے اس انفارمیشن پارٹنرشپ کے قیام کا مقصد ملکوں کے درمیان ترقی کے ضمن میںمعلومات میں عدم توازن کو ختم کرکے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ جس سے مربوط پالیسی کوآرڈینیشن ، تجارتی رابطوں اور فوری سہولیات کی فراہمی کو تقویت ملے گی۔اس پیش رفت کا مقصد ملکوں کے درمیان مالی انضمام اور عوام سے عوام کے مابین تعلقات کو وسعت دینا بھی شامل ہے۔ تاکہ بیلٹ اینڈ روڈ میں شامل ہونے کے لئے زیادہ سے زیادہ ممالک اور خطوں کو راغب کیا جاسکے جو مشترکہ ترقی کی رفتار میں تیزی لا سکیں۔
2013 میں جب سے بی آر آئی کا تصور حقیقت بننا شروع ہوا ہے یہ دنیا بھر میں ایک مقبول عام پراڈکٹ اور تعاون کا پلیٹ فارم بن گیا ہے۔ رابطوں کو بڑھانے کے لئے انیشی ایٹو کے شرکاء میں ابتدا سے ہی اتفاق رائے رہا ہے۔ بیلٹ اینڈ روڈ اکنامک انفارمیشن پارٹنر شپ کے قیام سے دنیا بھر میں مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔ مشہور بین الاقوامی خبر رساں ادارے ، انفارمیشن سروس ایجنسیاں ، انسٹی ٹیوٹس، اور کاروباری انجمنیں جو ایشیاء ، یورپ ، افریقہ ، لاطینی امریکہ اور اوشنیا سے تعلق رکھتے ہیں ، اب تک یکے بعد دیگرے اس پلیٹ فارم کا حصہ بن چکے ہیں۔ ان اداروں نے نہ صرف کثیرالجہتی اور دوطرفہ معلومات کے تبادلے اور کاروباری تعاون کا آغاز کیا ہے بلکہ عالمی اقتصادی معلومات کے رابطے کو فروغ دینے کے لئے بھی شنہوا نیوز ایجنسی کے ساتھ مل کر کام جاری ہے۔
حال ہی میں چین کے خبررساں ادارے شنہوا نے نوائے وقت کے ساتھ خبروں ‘ تصویروں اور دوسرے اشاعتی مواد کی فراہمی کے لیے سمجھوتہ کیا ہے جس کے بعد شنہوا کے ایشیا پیسفک ریجنل بیوروکے جنرل سیلز منیجر مسٹر جاؤ کی سربراہی میں وفد نے نوائے وقت و دی نیشن کے دفاتر کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نوائے وقت گروپ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری سے ملاقات کی۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی کی طرف سے وفد کا پرتپاک استقبال اور انہیں خوش آمدید کہا ۔ وفد میں سیلز منیجرمسٹر وانگ شیائو منگ ، شنہوا اردو سروس کے مسٹر تھانگ بن ہوئی ، بیورو چیف مسٹر لیو ٹیان اور ڈپٹی بیورو چیف جمیل بھٹی شامل تھے۔ اس موقع پر آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم ، منیجر ہیومین ریسورسز شفیق سلطان ، سنیئر صحافی خاور عباس سندھو اور بزنس منیجر محمد عثمان مسعود بھی موجود تھے۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے ملاقات کے دوران نوائے وقت کی تاریخ اور ادارے کے ملکی و بین الاقوامی میڈیا میں کردار کے متعلق بریف کیا۔ انہوں نے نوائے وقت کی جانب سے ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کی سربراہی میں قسط وار سلسلہ ’’شاہراہ ریشم اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے سی پیک تک‘‘ سے متعلق تفصیل سے بتایا اور عوامی جمہوریہ چین کیلئے پاکستانی عوام کے احترام اور چینی عوام کیلئے جوش و جذبات سے آگاہ کیا۔ سید احمد ندیم قادری نے کہا کہ نوائے وقت جس طرح تحقیق کے بعد بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے اہم ترین ،مخفی پہلو سامنے لارہا ہے شاید پوری دنیا میں کوئی بھی میڈیا گروپ عوامی مفاد کے سب سے بڑے منصوبے پر اس طرح کام کرنے کی سعی نہیں کررہا۔ انہوں نے کہا کہ نوائے وقت کی اس کاوش کا سہرا ادارے کی ایم ڈی رمیزہ نظامی کے سر ہے جن کی خصوصی ہدایت پر یہ معلوماتی اشاعت شروع کی گئی اور وہ گاہے بگاہے اس پر ہدایات بھی جاری کرتی رہتی ہیں۔ انہوں نے کہا چین کا پراجیکٹ امریکہ کے مارشل پلان سے کئی گنا بڑا ہے جس سے 152 سے زائد ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں نے معاہدے کئے ہیں اور اس کے دنیا کی 65 فیصد سے زائد آبادی کو ثمرات پہنچیں گے۔ سید احمد ندیم قادری نے کہا کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت 800 ارب ڈالر سے زائد سرمایہ کاری ہونے جارہی ہے اور چین کی یہ کاوش یقیناً دنیا بھر کے لوگوں کے لئے خوشحالی کی نوید ہے۔ اس موقع پر چینی وفد نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اورسی پیک سے متعلق تحقیق پرمبنی 8 اقساط اور بعد بھرپور معلوماتی مواد شائع ہونے پر نوائے وقت اور ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور نوائے وقت گروپ کو دنیا کے 54 میڈیا گروپس پر مشتمل بیلٹ اینڈ روڈ اکنامک انفارمیشن پارٹنر شپ میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ نوائے وقت گروپ پاکستان کا پہلا میڈیا گروپ ہے جسے دعوت دی گئی جو نوائے وقت گروپ نے قبول کر لی۔چینی وفد نے نوائے وقت کی خصوصی اشاعت ’’ شاہراہ ریشم اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے سی پیک تک‘‘ کی اقساط مکمل ہونے پرانگریزی اور چینی زبانوں میں کتاب شائع کرنے کی تجویز دی اور ساتھ ہی لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری کو وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کرنے کی دعوت دی تا کہ وہ چینی عوام اور وہاں آنے والے غیر ملکیوں کو اس میگا پراجیکٹ کے ثمرات اور پوری دنیا پر پڑنے والے اس کے مثبت اثرات سے آگاہ کر سکیں۔ سید احمد ندیم قادری نے چین کے دورہ کی دعوت دینے پر ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کی طرف سے وفد کا شکریہ اداکیا۔ بعدازاں آئی ٹی ہیڈ قیصر ندیم نے چینی وفدکو خبروں کی اشاعت کے مختلف ذرائع اور تمام پراسیس سے آگاہ کیا۔وفد کوآئی ٹی سے متعلقہ شعبوں کا وزٹ بھی کرایا گیا ۔ چینی وفد نے نوائے وقت میں ایڈیٹر ایڈیٹوریل سعید آسی سے ملاقات کی اور ایڈیٹوریل پالیسی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ سعید آسی نے بتایا کہ نوائے وقت کی ایڈیٹوریل پالیسی میں عالمی ایشوز سمیت ملکی معاملات کو زیر بحث لایا جاتا ہے جس کا مقصد حکومت اور اپنے قارئین کی رہنمائی ہے۔وفد نے نیوز روم کادورہ کیا جہاںچیف نیوز ایڈیٹر دلاور چودھری نے بریفنگ اور مختلف شعبوں میں سٹاف سے ملاقاتیں کرائیں۔دلاور چودھری نے خبروں کے ذرائع سمیت اخبار کی اشاعت تک مختلف مراحل سے متعلق بتایااور وفد کو نیوز روم اور اس سے جڑے تمام شعبوں کی افادیت و اہمیت سے آگاہ کیا۔چینی وفد نے دی نیشن کا بھی دورہ کیااور چیف نیوز ایڈیٹر محمد ریاض سے ملاقات کی۔جنہوں نے اخبار کے اشاعت کے تمام مراحل سے آگاہ کیا۔ بعدازاں وفد نے ڈائریکٹر مارکیٹنگ بلال محمود بٹ سے انکے آفس میں ملاقات کی اور ادارے کے کاروباری امور سے متعلق بات چیت کی۔
چین کابیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو منصوبہ رکن ممالک کی معیشتوں میں زبردست تیزی لا رہا ہے، جس کا ماضی میں امریکہ کے مارشل پلان سے کہیں بڑا حجم ہے، جو 62 گنا بڑا ہے۔ چین سے متعلق خصوصی معلومات اور نوائے وقت گروپ میں اس کی اشاعت کا مقصدہزاروں سال پرانی ’’شاہراہ ریشم‘‘ ،چین کے میگا پراجیکٹ ’’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘‘ اور ’’سی پیک‘‘ کے متعلق ادارے کے قارئین سمیت ملک بھر کے عوام اور بیرون ممالک کے لوگوں کو منصوبے سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی فراہم کرنا ہے۔ نوائے وقت نے اس سے قبل ’’نوائے چین‘‘ کے نام سے خصوصی ایڈیشن کی اشاعت بھی شروع کررکھی ہے ۔ ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر رمیزہ مجید نظامی نے پاک چین دوستی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت بھرے رشتوں کو تقویت دینے کی خاطرجس طرح ’’ شاہراہ ریشم اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹوسے سی پیک تک‘‘ کا قسط وار سلسلہ شروع کرایا ، آئندہ دونوں ملکوں میں اسے ایک نئے سنگ میل کی حیثیت حاصل رہے گی۔دورے کے موقع پر وفد کے ارکان نے امید ظاہر کی یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا اور قدیم شاہراہ ریشم کی تاریخ اور اس کے ذریعے ہونیوالی ترقی اور تہذیبوں کے تبادلے سمیت اس سلک روڈ سے نمو پانیوالے ’’بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو‘‘ کے تحت مختلف راہداریوں و منصوبوں سے متعلق معلومات اسی طرح فراہم کی جاتی رہیں گی۔ جس کیلئے نوائے وقت اپنے قارئین کی دل جان سے رہنمائی جاری رکھے گا۔