فلپائن میں سمندری طوفان اور شدید بارشوں نے تباہی مچا دی، دوبنے کے واقعات اور لینڈ سلائڈنگ کے باعث ہلاکتیں پچاس سے تجاوز کر گئیں، جبکہ ہزاروں افراد کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں
فلپائن میں جمعرات کے روز آنے والے سمندری طوفان سی نیانگ نے ہر طرف تباہی مچا دی، کئی مکانات پانی میں بہہ گئے، سڑکیں اور ہائی ویز تباہ ہو گئیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔سمندری طوفان کی وجہ سے مواصلاتی نظام کو بھی شدید نقصان پہنچا، جبکہ متاثرہ علاقوں میں پروازوں کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا، کئی علاقوں کا رابطہ منقطع ہو گیاطوفان کے باعث ہلاکتوں کی تعداد پچاس سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ درجنوں افراد تاحال لاپتہ ہیں،اس درمیانے درجے کے طوفان سے ہونے والی ہلاکتیں گزشتہ ماہ فلپائن میں آنے والے سپر ٹائیفون ہاگپیت کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہیں۔ واضح رہے کہ فلپائن میں ہر سال بیس کے قریب طوفان آتے ہیں جب کہ گزشتہ برس فلپائن میں آنے والا طوفان ملک کی تاریخ کا سب سے بدترین طوفان تھا جس میں سات ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔