بلوچستان کے حالات کی خرابی میں بھارت کا ہاتھ ہے،صوبے میں امن نہ ہوا توغیرملکی طاقتیں امن بحال کرنے کے بہانے حملہ کرسکتی ہیں۔ نواب طلال بگٹی
روزنامہ نوائے وقت کے دفترمیں ایڈیٹرانچیف مجید نظامی سے ملاقات کے بعد طلال بگٹی نے وقت نیوز، نوائے وقت اوردی نیشن کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے جس طرح عدلیہ کی بحالی کے لیے لانگ مارچ کیا اورمشرف آمریت کے خاتمے کے لیے جدوجہد کی، اسی طرح بلوچستان میں بھی امن کے لیے ڈیرہ بگٹی تک لانگ مارچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ بات میاں نوازشریف سے ملاقات میں بھی کریں گے، طلال بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے حالات جان بوجھ کرخراب کیے جارہے ہیں تاکہ الیکشن نہ ہوسکیں۔جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ طاہرالقادری گند کو صاف کرنے کی بات کررہے ہیں لیکن وہ توگند کو اپنے ساتھ ملا رہے ہیں، جس سے لگتا ہے کہ وہ صرف اپنا الو سیدھا کرنے آئے ہیں۔طلال بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں جلاوطن بلوچوں کی واپسی،ایک لاکھ چوالیس ہزار بلوچ ووٹروں کے اندراج اورصوبے میں ایف سی کے خاتمے تک جو بھی الیکشن ہوئے،ان میں ایجنسیوں کے حمایت یافتہ ہی کامیاب ہوسکیں گے۔