عدالت عظمیٰ نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے حاضری سے روکتے ہوئے اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا۔
جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلب کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ منیر اے ملک نےدلائل دیے کہ رجسٹرار کو پی اے سی میں طلب کرنا عدلیہ کی آزادی کےمنافی ہے۔ جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار کے ابتدائی دلائل قابل غور ہیں، عدالت نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو پی اے سی کے سامنے پیش ہونے سے روکتے ہوئے اس حوالے کمیٹی کا نوٹس معطل کردیا۔ جسٹس اعجاز افضل نے درخواستوں کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل عرفان قادر کو بھی طلب کرلیا ہے۔