مسئلہ کشمیر کا حل جنوبی ایشیا میں امن کی کنجی ہے: حنا ربانی
اسلام آباد/ سرینگر(آن لائن)وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے مسئلہ کشمیر کے حل کو جنوبی ایشیاءمیں امن کی کنجی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستان اوربھارت کے درمیان جنگیں لاحاصل ہیں۔ مذاکرات کے ذریعے ہی اس کا پائیدار حل نکالا جا سکتا ہے اور مذاکرات میں کشمیریوں کی شمولیت لازمی ہے۔ایک ریاستی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کےا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے اخلاقی ،سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے سے ہی جنوبی ایشیاءکے سب سے بڑے اور اہم تنازع کا حل نکل سکتا ہے جس کے لئے پاکستان اوربھارت کے درمیان اور کشمیریوں کو مذاکراتی عمل میں شامل کرنا ضروری ہے ۔حنا ربانی کھر نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ایک سوال پر کہا کہ علی گیلانی ایک بااثر حریت لیڈر ہیں جن کی اہمیت کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ دیگر حریت رہنماﺅں کی طرح پاکستانی قیادت نے انہیں بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی لیکن وہ ناسازی طبع کے باعث دورہ نہیں کر سکے۔ پاکستان علی گیلانی سے بھی مشاورت کا خواہاں ہے اور انہیں دوبارہ دورے کی دعوت دی جائےگی۔ وزیر خارجہ نے تمام حریت قیادت کے درمیان ،اتحاد ،ہم آہنگی اور یکسوئی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام کشمیری قائدین کو متحد اور منظم دیکھنے کا خواہشمند ہے۔