21لیویز اہلکاروں کے اغوا اور قتل کے واقعے کی رپورٹ تیار
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ایف آر پشاور میں 21 لیویز اہلکاروں کے اغوا اور قتل کے واقعے کی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ رپورٹ کے مطابق لیویز اہلکاروں کے پاس ہتھیاروں کی کمی تھی اور وہ جدید اسلحہ سے لیس شدت پسندوں کا مقابلہ نہ کرسکے۔ ذرائع کے مطابق تین صفحات پر مشتمل رپورٹ فاٹا سیکرٹریٹ کو بھجوائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے جب سینکڑوں شدت پسندوں نے لیویز کے مرکز پر حملہ کیا۔ اس وقت لیویز کے پاس صرف 87 رائفلز تھیں اور اتنے ہی میگزین تھے جبکہ شدت پسند بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے۔ حملے کے وقت لیویز ہاسٹل میں 30 سے زائد اہلکار موجود تھے۔ حملے کے وقت لیویز نے پولیس اور ایف سی سے مدد طلب کی تھی مگر کوئی جواب نہیں ملا۔ رپورٹ کے مطابق مرکز سے اغوا کئے جانے گئے اہلکاروں میں 2 حوالدار، ایک لانس نائیک ، ایک نائیک اور 19 سپاہی شامل تھے۔ جن میں سے اکیس مغویوں کو قتل کردیا گیا۔ ایک اہلکار شدت پسندوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا جبکہ ایک اہلکار معجزانہ طور پر بچ گیا۔