عرس داتا دربار، چہلم امام حسینؓ پر دہشت گردی کی اطلاع، خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا
لاہور (نامہ نگار) حساس اداروں نے اطلاع دی ہے دہشت گرد عرس داتا دربار اور چہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر کوئی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں جس پر پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عرس داتا دربار اور چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ لاہور میں 12ہزار پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹیاں دیں گے۔ زائرین کو میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی اور واک تھرو گیٹس سے گزار کر احاطہ دربار میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ دربار سے ملحقہ اونچی عمارتوں پر پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ تین جنوری کو چہلم حضرت امام حسینؓ کے جلوس کے تمام راستوں اور اس سے ملحقہ سڑکوں کو خاردار تاریں اور لوہے کے بیرئیر لگا کر بند کر دیا جائے گا۔