لاہور ریجن: پھر 3 روز کیلئے سی این جی سٹیشنز بند، بجلی ، گیس کا بحران جاری
لاہور + اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ آئی این پی) لاہور ریجن میں صرف ایک روز سی این جی سٹیشنز کھلنے کے بعد پھر 3 روز کے لئے بند کر دیئے گئے۔ اسلام آباد ، راولپنڈی اور ریجن کے دیگر شہروں میں بھی مسلسل بجلی 5 ویں روز سی این جی سٹیشنز بند رہے جبکہ پٹرول بھی نایاب ہو گیا۔ پمپوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں جبکہ پنجاب بھر میں بجلی کی طویل بندش اور گیس بحران پر بھی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کا شاٹ فال 3 ہزار میگا واٹ سے بڑھ گیا جبکہ صنعتوں کی آج سے بجلی بحال کئے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز لاہور ریجن میں چھ روز بعد چوبیس گھنٹوں کے لئے کھولی تھی جو سوموار کے روز صبح 6 بجے شیڈول کے مطابق بند کر دی گئی۔ رات بھر سی این جی گیس کے حصول کے لئے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں اور صارفین کو گیس کے حصول کے لئے گھنٹوں لائنوں میں لگنا پڑا۔ جڑواں شہروں میں 5 ویں روز بھی سی این جی سٹیشنز بند رہے۔ سی این جی کی بندش کے باعث پٹرول کے حصول کے لئے لائنیں لگ گئیں۔متعدد شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ بعض پٹرول پمپوں نے پٹرول کی سیل بھی بند کر دی جس سے جڑواں شہروں کے متعدد پٹرول پمپوں پر پٹرول ملازمین اور شہریوں کے درمیان لڑائی جھگڑے کے واقعات رونما ہوئے ۔ ننکانہ صاحب میں گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث گھروں میں خواتین کو کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث شارٹ فال ایک بار پھر تین ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کر دیا گیا۔ وفاقی وزیر احمد مختار کی ہدایت پر فرنس ملز کو بجلی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے۔ مشیر پٹرولیم عاصم حسین نے کہا ہے کہ سی این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔ اوگرا کوق پالیسی گائیڈ لائنز دے دی ہیں۔ سی این جی سٹیشن گیس کی طلب بڑھنے کے باعث بند ہیں۔ جن پٹرول پمپس پر قلت ہے وہاں پٹرول دستیابی کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔
سی این جی/ قیمتیں