شمالی وزیرستان میں نیٹو طیاروں کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی
میرانشاہ (نامہ نگار) شمالی وزیرستان میں نیٹو لڑاکا طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی جبکہ افغان صوبہ خوست سے 4 مار ٹر گولے فائر کئے گئے جو تحصیل غلام خان میں گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پیر کی صبح نیٹو لڑاکا طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کے علاقے غلام خان میں پروازیں کیں۔ نیٹو طیارے پانچ منٹ تک پاکستانی فضاﺅں میں پرواز کرتے رہے اور پاکستان کی جانب سے بغیر کسی مزاحمت کے واپس چلا گئے۔ نیٹو طیاروں کی پروازوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ دریں اثناءافغانستان کے صوبہ خوست سے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں 4 مارٹر گولے فائرکئے گئے تاہم کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔