لیویز اہلکاروں کا قتل زائرین کی بسوں پر حملوں کی مذمت‘ پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات نفرت انگیز ہیں: بان کی مون
لندن (بی بی سی ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کو نفرت انگیز قرار دیا۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے بیان میں اتوار کے روز پشاور کے نزدیک ایک چیک پوائنٹ سے اغوا کئے گئے 21 نیم فوجی اہلکاروں کی اور صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں 19 زائرین کی ہلاکت کی مذمت کی۔ بان کی مون کے ترجمان مارٹن نیسزکی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پشاور کے نزدیک سے اغوا کئے گئے 21 لیویز اہلکاروں کی شدت پسندوں کے ہاتھوں ہلاکت اور زائرین کی بسوں پر حملوں کی مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا ہے یہ اندوہناک دہشت گردی کے واقعات کسی مقصد یا محرومی کی توجیہہ نہیں بن سکتے۔ ایسی کارروائیوں میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لایا جائے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے حکومت پاکستان اور عوام کو یقین دلایا کہ عالمی تنظیم ان کے ساتھ ہے اور اداروں اور آزادی کو دہشت گردی سے بچانے کی تمام کاوشوں کی حمایت کرتی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ خیبر پی کے میں لیوی اہلکاروں کا قتل، کراچی میں بم دھماکے اور مستونگ میں زائرین کی بسوں پر حملے نے انہیں دہشت زدہ کر دیا ہے۔ بان کی مون نے خاص طور پر مذہبی بنیادوں پر قتل و غارت کی مذمت کی۔ انہوں نے 21 لیویز اہلکاروں کے اغوا اور ان کے قتل کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ان ظالمانہ اقدام کا کسی بھی صورت جواز نہیں پیش کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بان کی مون نے پاکستانی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد میں حمایت کا اعادہ کیا۔