اپٹما وفد کی ملاقات‘ وزیراعظم کے حکم پر پنجاب کی صنعتوں کو16 گھنٹے بجلی بحال
فیصل آباد + لاہور + اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + کامرس رپورٹر + ایجنسیاں) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پنجاب کی صنعتوں کیلئے ایک ہفتے سے بند بجلی کی سپلائی فوری بحال کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ انہوں نے یہ ہدایات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اصغر علی کی سربراہی میں ٹیکسٹائل تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیں جس نے بجلی بحران کے حوالے سے گذشتہ روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کی تمام تنظیموں کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ وفد نے وزیراعظم کو گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا۔ صنعتوں کو ابتدائی طور پر 16گھنٹے کیلئے بجلی فراہم کی جائے گی جس کا آغاز 31دسمبر کی شب رات 11بجے سے ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو پنجاب کی صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کا دورانیہ بتدریج بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ گذشتہ ہفتے پنجاب کی صنعتوں کو بجلی کی فراہمی بغیر پیشگی نوٹس کے بند کر دی گئی تھی جس کی وجہ سے پیداواری عمل معطل ہو چکا تھا اور مزدور کام نہ ہونے کے باعث فاقہ کشی پر مجبور تھے۔ پی ٹی ای اے، اپٹما اور دیگر ٹیکسٹائل تنظمیوں کے مشترکہ احتجاج کے بعد وفاقی وزیر پانی و بجلی چودھری احمد مختار نے بھی پنجاب کی انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ وزیراعظم نے ملکی معیشت میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی افادیت کے مدنظر فوری طور پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بجلی کی فراہمی شروع کرنے کے احکامات دئیے۔ اے پی اے کے مطابق وزیراعظم نے نیلم جہلم ہائیڈل منصوبے پر بلاتعطل کام جاری رکھنے کو یقینی بنانے کے لئے نگران کمیٹی تشکیل دے دی۔ چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا سرنگ پر 42 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، توقع ہے منصوبہ 2016ءتک مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا یہ منصوبہ اہمیت کا حامل ہے حکومت کی کوشش ہے یہ جلد مکمل ہو۔ انہوں نے یہ بات وزیراعظم ہاﺅس میں منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مزید برآں اے پی پی کے مطابق وزیراعظم سے گلاسگو میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کے وفد نے ممتاز تاجر امین مرزا کی سربراہی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا حکومت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کی انتظامیہ کو ہدایت کی اس سال موسم گرما سے گلاسگو سے لاہور تک پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں۔ آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نے جڑواں شہروں میں پٹرول کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت پٹرولیم سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم کو سیکرٹری پٹرولیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ملک میں پٹرول کی کوئی قلت نہیں، اسلام آباد کے بعض علاقوں میں دھند کی وجہ سے آئل ٹینکرز کے ذریعے پٹرول پہنچنے میں تاخیر ہوئی۔