حکمران سیاسی مصلحتوں سے نہ نکلے تو خانہ جنگی ہو سکتی ہے:فضل کریم
لاہور+گوجرانوالہ (خصوصی نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ 2013 تبدیلی کا سال ثابت ہو گا۔ نظام تبدیل کئے بغیر ملک نہیں بچ سکتا۔ ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔ غیرمسلح ہونے اور آئین کو ماننے والے طالبان سے ضرور مذاکرات کئے جائیں۔ دہشت گردی کا خاتمہ قوم کی اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے۔ حکمران سیاسی مصلحتوں سے نہ نکلے تو ملک میں خانہ جنگی ہو سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔