اقوام متحدہ کا پاکستان میں غیر ملکی عملے کو عارضی طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کا اعلان
اسلام آباد(آن لائن+ نامہ نگار+ ریڈیو نیوز) اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنے غیر ملکی عملے کو عارضی بنیادوں پر سکیورٹی وجوہات کی بناءپر بیرون ملک منتقل کر رہا ہے، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان عشرت رضوی نے بتایا کہ اقوام متحدہ کا 20 فیصد غیر ملکی عملہ6 ماہ کے لئے یا تو بیرون ملک منتقل کر دیا جائے گا یا انہیں پاکستان کے اندر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ 6 ماہ کے بعد اقوام متحدہ پاکستان میں سکیورٹی حالات کا دوبارہ جائزہ لے گا تاکہ عملے کی واپسی کے حوالے سے فیصلہ کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال اسلام آباد میں واقع یو این کے دفتر پر خودکش حملے کے بعد عارضی طور پر یہ تمام دفاتر بند کر دیئے گئے تھے۔