نئے سال کا تحفہ: گیس 18 فیصد مہنگی‘ وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن روک لیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک + آن لائن) اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں 18 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں رات گئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پوٹھوہار ریجن میں سی این جی کی قیمت 49 روپے سے بڑھ کر 55.30 روپے کلو جبکہ پنجاب اور سندھ ریجن میں 48.54 روپے سے بڑھ کر 53.63 روپے فی کلو ہو گئی۔ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ اٹک اور جہلم میں نرخ 49.73 سے بڑھ کر 55.30 روپے کلو ہو گئے۔ نئے نرخوں پر فوری عملدرآمد ہو گا۔ دریں اثنا وزیراعظم گیلانی کی ہدایت پر وزارت پانی وبجلی نے آج سے بجلی کی قیمتوں میں 13.6 فیصد اضافہ کرنے کا نوٹیفکیشن روک لیا۔ حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر آئی ایم ایف سے دوبارہ مذاکرات کرے گی، وزارت پانی وبجلی اور وزیراعظم ہاﺅس کے ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے کئے جانے والے معاہدے کے تحت وفاقی حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں آج یکم جنوری سے 13.6 فیصد اضافہ کرنا تھا اس حوالے سے نیپرا کی طرف سے سفارشات بھی بھجوا دی گئی تھیں تاہم جمعرات کی شام بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن روک لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے حکام کو موقف سے آگاہ کر دیا ہے اور آئندہ چند روز میں آئی ایم ایف سے باضابطہ مذاکرات بھی متوقع ہیں۔