وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معروف صنعتکار اورصدر ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس خواجہ جلال الدین رومی کی ملاقات
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے معروف صنعتکاراور ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرخواجہ جلال الدین رومی نے ملاقات کی۔ ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب میں صنعت وتجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔خواجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ کوڈیرہ غازی خان ڈویژن میں لنگر خانوں کے قیام کیلئے کی جانے والی کاوشوں سے آگا ہ کیا۔فاضلہ کچھ،واہوا اوردربار سخی سرور کے بعد دیگر علاقوں میں بھی لنگر خانے قائم کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کوہ سلیمان کے علاقوں میں لنگر خانوں کے قیام پرخواجہ جلال الدین رومی سمیت تاجر برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔خواجہ جلال الدین رومی نے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کی تعمیر کیلئے قیمتاً اراضی کی الاٹمنٹ پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب لنگر خانوں کے قیام کیلئے مخیر حضرات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔نادار لوگوں کو کھانا کھلانا اور ان کی خدمت کرنا سنت نبویؐ ہے-پنجاب میں پناہ گاہوں کے ساتھ ساتھ لنگر خانے بھی قائم کیے جارہے ہیں۔ایسا نظام لارہے ہیں کہ کوئی شخص بھوکا نہ سوئے- غریبوں کی فلاح وبہبود اورخدمت کا جذبہ رکھنے والے صنعتکار اورتاجر قابل تحسین ہیں۔خوجہ جلال الدین رومی نے وزیراعلیٰ کو کسانوں بالخصوص کپاس کے کاشتکاروں کی مشکلات سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کپاس کے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب بالخصوص ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں کپاس کی اچھی فصل حاصل کرنے کیلئے عمدہ بیچ فراہم کیا جائے گا۔کپاس کی پیداوار میں اضافے سے نہ صرف ملکی برآمدات بڑھیں گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔کپاس کے کاشتکار کو ہر قسم کی تکنیکی معاونت اورسہولت فراہم کریں گے۔خواجہ جلال الدین رومی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجربرادری عوام کی فلاح وبہود کی کاوشوں میں حکومت کیساتھ ہے۔ڈیرہ غازی خان کی تاجر برادری نے کورونا ریلیف فنڈ میں بھی معاونت کی اوراب لنگر خانے بھی چلائینگے-بلوچستان،سندھ،نارتھ وزیرستان اورجنوبی پنجاب میں تعلیم اورصحت کے مختلف منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں۔حکومت پنجاب کے اشتراک سے ملتان سمیت دیگر علاقوں کے ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ہسپتالوں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کیلئے اراضی ہیلتھ پروفیشنلز کی خدمات بھی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے نادار طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے کیلئے وظائف بھی دئیے جارہے ہیں۔جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔ تاجر برادری کوہ سلیمان میں ہیلتھ اور ایجوکیشن کے منصوبوں میں معاونت کرے گی۔