پنجاب ریونیو اتھارٹی ( پی آر اے ) کی رواں مالی سال 2020-21 کے پہلے سات ماہ میں ٹیکس وصولی گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت میں اکٹھا کئے گئے ٹیکس وصولی کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے
لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب ریونیو اتھارٹی ( پی آر اے )نے رواں مالی سال 2020-21 کے پہلے سات ماہ میں 85.9 ارب روپے کی ٹیکس وصولی کی جو گزشتہ مالی سال کی اتنی مدت میں اکٹھا کئے گئے 62.2ارب روپے کی ٹیکس وصولی کے مقابلے میں 38 فیصد زیادہ ہے۔ ترجمان پنجاب ریونیو اتھارٹی کے مطابق پنجاب ریونیو اتھارٹی نے اپنے 125 ارب روپے کے سالانہ ٹیکس ہدف کا 69 فیصد پہلے سات مہینوں میں حاصل کرلیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مالی سال 2020-21 میں پنجاب ریونیو اتھارٹی نے جنوری کے مہینے میں 11.23 ارب روپے کا ٹیکس جمع کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے۔جنوری میں حاصل کیا گیا ٹیکس ہدف 2020 کے دوران دئیے گئے فنانس ایکٹ میں بڑے ریلیف کے باوجود حاصل کیا گیا جس میں25 سے زائد سروسز پر ٹیکس کی شرح سولہ فیصدسے کم کر کے پانچ فیصد تک کی گئی تھی۔ رواں سال جنوری میں حاصل کیا گیا۔11.23 ارب روپے کا ہدف پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تاریخ میں جنوری کا بلند ترین ریکارڈ ہے جو کہ گزشتہ مالی سال جنوری میں حاصل کیے گئے ہدف 10.21 ارب روپے سے 10 فیصد زیادہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی آر اے کی مالی سال 2017-18، سال 2018-19 اور سال 2019-20 میں ٹیکس وصولیاں ان سالوں کے پہلے سات مہینوں میں بالترتیب 56.8 ارب روپے ،51.7 ارب روپے, اور 62.2 ارب روپے رہی۔