عوام کی زندگی میں حقیقی معنوں میں واضح تبدیلی لانا ہمارا منشور ہے: وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کی زندگی میں حقیقی معنوں میں واضح تبدیلی لانا ہمارا منشور ہے، پختونخواہ کی عوام کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے کوہاٹ اور ڈیرہ غازی خان کے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے اراکین میں علی امین گنڈا پور، شاہد احمد، نورین فاروق، شاندانہ گلزار، محمد یعقوب، نعیم الحق، ندیم افضل چن اور سیکرٹری جنرل ارشد داد شامل تھے۔ اراکین قومی اسمبلی نے اپنے حلقوں سے متعلق مسائل سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگی میں حقیقی معنوں میں واضح تبدیلی لانا ہمارا منشور ہے، پختونخواہ کی عوام کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔ تعلیم اور صحت میں تبدیلی سے معیار زندگی میں تبدیلی آئے گی۔