سات سال بعد قومی کھیلوں کے انعقاد کیلئے کمیٹی کا اجلاس جلد ہوگا:عارف حسن
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عارف حسن کا کہنا ہے کہ سات سال بعد قومی کھیلوں کے انعقاد کیلئے کمیٹی کا اجلاس جلد ہوگا۔ حکومتی ٹاسک فورس برائے کھیل نے ہم سے رابطہ کیا اور سفارشات بھی طلب نہیں کی ہیں۔نیشنل بیڈمنٹن چیمپئین شپ کے فائنل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی او اے کے صدر کا کہنا تھا کہ نیپال میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز ملتوی کر دئیے گیے ہیں، دو مارچ کو اولمپک کونسل آف ایشیا کے اجلاس کے موقع پر ایونٹ کی نئی تاریخوں کی منظوری دی جائے گی۔ ساؤتھ ایشین گیمز اکتوبر میں ہونے کا امکان ہے۔ کوئٹہ میں نیشنل گیمز کے انعقاد کے حوالے سے آئندہ ہفتے اجلاس ہو گا۔ ٹاسک فورس اور سپورٹس پالیسی کے حوالے سے کسی کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ امید ہے کہ ٹاسک فورس کی سفارشات سے کھیلوں میں بہتری آئے گی۔نلتر سکینگ مقابلوں‘ ویسٹ انڈیزویمنزٹیم اور پاکستان سپر لیگ کے میچز سے ملک میں کھیلوں کی بین الاقوامی سرگرمیوں کے لیے خوش آئند ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کا پرو لیگ میں شرکت نہ کرنا مایوس کن ہے۔