نیشنل چیمپئن شپ :ماحور شہزاد جبکہ‘ علی مہدی نے ٹائٹل جیت لیے
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) نیشنل چیمپئن شپ خواتین میں ماحور شہزاد جبکہ مردوں میں نمبر 8 سیڈڈ علی مہدی نے اب سیٹ کرتے ہوئے ٹائٹل جیت لیے۔ نشتر سپورٹس کمپلیکس کے جمنیزیم ہال میں 25 جنوری کو شروع ہونے والی 56 ویں نیشنل مینز اور ویمنز چیمپیئن شپ 2019ء کے فائنل میچز گذشتہ روز کھیلے گئے۔ ویمنز سنگلز کا فائنل واپڈا کی ماحور شہزاد اور ایس این جی پی ایل کی غزالہ صدیق کو سٹریٹ سیٹ میں 21-5 اور 21-8 سے ہرا کر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ مردوں کے سنگلز میں 8 سیڈڈ واپڈا کے علی مہدی نے نیشنل بنک آف پاکستان کے مراد علی کو دو ایک سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ علی مہدی کی فتح کا سکور 21-13، 19-21 اور 21-19 رہا۔ مینز ڈبلز کے فائنل میں عتیق چوہدری اور راجہ حسنین پر مشتمل جوڑی نے اویس زاہد اور راجہ ذوالقرنین کے خلاف دو ایک (14-21، 21-16 اور 21-7 ) سے کامیابی حاصل کی۔ ویمنز ڈبلز میں صائمہ وقاص اور غزالہ صدیق پر مشتمل جوڑی نے شیرا اکرم اور ہما جاوید پر مشتمل جوڑی کو 21-17 اور 21-15 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ مکسڈ ڈبلز میں رضوان اعظم اور سارہ مہمند پر مشتمل جوڑی نے اویس زاہد اور سحرا اکرم کو ہرا کر چیمپیئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ چیمپیئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن تھے جبکہ اس موقع پر سیکرٹری پی او اے خالد محمود، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سید عارف حسن نے آخر میں کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔