پاکستان، جنوبی افریقہ پہلے ٹی20 میچ میں آج مدمقابل
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان اورجنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائیگا‘میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہوگا۔ سیریز ہارنے کی صورت میں پاکستان کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رہے گی۔پاکستانی ٹیم اس وقت رینکنگ میں138پوائنٹس کیساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے ‘بھارت126پوائنٹس کیساتھ دوسرے،جنوبی افریقی ٹیم114پوائنٹس کیساتھ پانچویں نمبر پر ہے ‘ قومی ٹیم سیریز میں کلین سویپ کی خفت سے بھی دوچار ہوتی ہے تب بھی اس کی پہلی پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ،دوسری پوزیشن پر موجود بھارتی ٹیم نیوزی لینڈکے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز جیت کر بھی پاکستان کی پہلی پوزیشن نہیں چھین سکتی ہے۔پاکستان کو اپنے رینکنگ پوائنٹس بڑھانے کے لیے جنو بی افریقہ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں وائٹ واش کرنا ہوگا کیونکہ ا س سیریز میں 2-0سے کامیابی کی صورت میں بھی پاکستانی ٹیم کے پوائنٹس 138ہی رہیں گے ،جنوبی افریقی ٹیم کے پاس موقع ہوگا جو عالمی نمبر ایک پاکستان کے خلاف کسی بھی مارجن سے کامیابی حاصل کرنے کی صور ت میں رینکنگ میں پانچویں سے تیسری پوزیشن پر آسکتی ہے۔