بیک وقت کئی سڑکو ں کی کھدائی سے شہری اذیت کا شکار ہیں ، ارشد وہرہ
کراچی(نیوزرپورٹر) پاک سر زمین پارٹی کے رہنما و ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا نے پاکستان ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی میں بیک وقت کئی سڑکوں کی کھدائی کی جا چکی ہے جن کے بننے کے لئے اب شہری بھی ناامید نظر آتے ہیں۔ ایم جناح روڈ، نشتر روڈ، گارڈن سمیت شہر کے مختلف حصوں میں سڑکوں کو توڑا جا چکا ہے جو عرصہ دراز سے دوبارہ بننے کی منتظر ہیں۔ بالخصوص اولڈ سٹی ایریا کے رہائشی اس وقت سخت تکلیف و اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے جس میں ٹوٹی ہوئی سڑکیں اور اس میں جمع ہوا پانی حادثات کا سبب بن رہا ہے۔ سندھ حکومت صورتحال کا نوٹس لے اور گرین لائن منصوبے سمیت دیگر جاری منصوبوں پر کام تیز کرتے ہوئے عوام کو ریلیف مہیا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب میئر کراچی فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے مسمار شدہ دکانوں کا ملبہ نہیں اٹھا رہے تو دوسری جانب جگہ جگہ کھدائی سے شہری عذاب میں مبتلا ہیں۔