الیکشن کمشن، لیگی ایم این اے چوہدری عابد کی ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسر کیخلاف درخواست خارج
اسلام آباد( آن لائن )الیکشن کمشن آف پاکستان نے این اے 71 گجرات سے مسلم لیگ (ن)کے منتخب ایم این اے چوہدری عابد رضا کی ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسر کیخلاف درخواست خارج کر دی ہے۔ جمعرات کو این اے 71 گجرات سے ایم این اے چوہدری عابد رضا کی ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسر کیخلاف درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں تین رکنی کمشن نے کی ۔ درخواست گزار چوہدری عابد رضا کے وکیل الیکشن کمشن کے سامنے پیش ہوئے۔ سماعت کے دور ان ممبر کے پی مسز ارشاد قیصر نے کہا کہ آپ کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پولیس اور ڈی ایم او نے جرمانہ کیا۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ 10 ہزار روپے جرمانے پر کیا ڈسٹرکٹ مانیٹرننگ افسر ریکارڈ غائب کریگا،ممبر کے پی مسز ارشاد قیصر نے کہاکہ جون اور جولائی میں آپ کے خلاف 32 ایف آئی آر درج ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ ہم مانیٹرننگ افسر کو بھی (آج) جمعہ کو طلب کر کے تحریری جواب بھی طلب کر سکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ اگر دو بار جرمانے کا نوٹس دوہریا جائے تو رکن اسمبلی نااہل ہو سکتا ہے۔ وکیل درخواستگزار نے کہا کہ جرمانے صرف پینافلیکس کی بنیاد پر لگائے گئے بعد ازاں الیکشن کمشن نے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے این اے 71 گجرات سے منتخب رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کی درخواست خارج کر دی۔ مسلم لیگ (ن)کے خلاف انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگیوں پر درخواست گزار شجاع الرحمن کے وکیل نے مسلم لیگ (ن)،شہباز شریف اور دیگر عہدیداروں کا انٹرا پارٹی ریکارڈ طلب کر نے کی استدعا کی ہے ۔جمعرات کو الیکشن کمشن میں مسلم لیگ (ن)کے خلاف انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگیوں پر شجاع الرحمن کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں درخواست گزار شجاع الرحمن کی طرف سے ظفر علی شاہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ۔وکیل ظفر علی شاہ نے استدعا کی کہ مسلم لیگ (ن)، شہباز شریف اور دیگر عہدیداروں کا انٹرا پارٹی ریکارڈ طلب کیا جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر سر دارمحمد رضا نے کہا کہ اگر ریکارڈ نہیں دیں گے تو ان کی پارٹی کو نقصان ہو گا۔بعد ازاں الیکشن کمیشن نے شجاع الرحمن کی درخواست پر سماعت بھی 11 فروری تک ملتوی کر دی۔