وفاق نے ابھی تک 18 ویں ترمیم پر عملدرآمد شروع نہیں کیا: سرا ج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہر حکومت نے غریب کا گلا دبایا اور اس سے زندہ رہنے کا حق چھیننے کی کوشش کی ۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے ہر دور حکومت میں وارے نیارے رہے ہیں۔ حکمرانوں نے پاکستان کو تجربہ گاہ سمجھ رکھا ہے جہاں وہ نت نئے تجربات کر رہے ہیں۔ ہمارا خیال تھاکہ ان کے ساتھ ماہرین کی ایک ٹیم موجود ہے جو آتے ہی تمام مسائل کا حل نکال لے گی اور مشکلات ختم کر دے گی مگر یہ کہتے ہیں کہ ہم نے چھ ماہ میں ڈائریکشن معلوم کی ہے۔ اٹھارویں ترمیم پر وفاقی حکومت نے ابھی تک عملدرآمد بھی شروع نہیں کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ قرضے اور خیرات لینے کے بعد حکمران پھولے نہیں سماتے اور بڑے پیمانے پر اس کی مشہوری کرتے ہیں۔ حکومت کے پیش کردہ بجٹ میں سودی قرضوں کی معیشت سے نجات کا کوئی لائحہ عمل نہیں۔