رانا ثناء مجرمانہ خصوصیات کے حامل انہیں باقی بھی ویسے نظر آتے ہیں: فیا ض الحسن

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ صاحب خود تو کرپٹ، بددیانت قاتل اور قاتلوں کو پناہ دینے والے بھی ہیں ان کی ساری بنیادی خصوصیات مجرمانہ ہیں اس لئے انہیں باقی سارے بھی مجرم ہی نظر آتے ہیں حقیقت یہ ہے کہ جو جیسا ہوتا ہے اسے باقی بھی ویسے ہی نظر آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت فیاض الحسن چوہان نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر رانا ثناء اللہ کے وزیراعظم عمران خان، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور تحریک انصاف مخالف بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کی نئی جے آئی ٹی بن گئی ہے اور اب انہیں اپنا مستقبل نظر آ رہا ہے، رانا ثناء اللہ اور ان کے حواری سب کان کھول کر سن لیں کہ تحریک انصاف اپنے پانچ سال ضرور پورے کرے گی اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی اور اس نقصان کا ازالہ کرے گی جو پچھلے 40 سالوں میں ان چوروں اور لیٹروں نے پاکستان کو پہنچایا ہے۔ انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کا نقصان بھی پورا ہوگا اور پاکستان تعمیر و ترقی کی طرف جائے گا۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اب رانا ثناء اللہ صاحب نمبر گیم سے حکومت کو گرانے کی باتیں کر رہے ہیں اسی ن لیگ کے 5 ایم پی ایز نے الیکشن کے بعد اور حکومت بننے سے پہلے ایک صحافی کے ذریعے رابطہ کیا کہ ہم فارورڈ بلاک بنانا چاہتے ہیں اس پر میں نے اور ہماری لیڈر شپ نے کوئی جواب نہیں دیا کیونکہ ہم ان چیزوں کے قائل نہیں ہیں۔