ثانوی تعلیمی بورڈ عملی امتحانات کی حتمی تاریخ کا اعلان کرے گا
کراچی(نیوزرپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے حسب سابق تحریری امتحانات کے بعد عملی امتحانات( پریکٹیکل )لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ عملی امتحانات کی حتمی تاریخ کا اعلان کرے گا اور تعلیمی ادارے اپنی آسانی کے تحت عملی امتحانات کا تعین خود کریں گے۔ تعلیمی ادارے بورڈ کو عملی امتحانات کی تاریخ سے آگاہ کرے گا تاکہ نگراں مقررکیا جاسکے۔ ثانوی تعلیمی بورڈ تحریری امتحانات کے 7دن کے اندر عملی امتحانات کا صرف شیڈول جاری کردے گا جبکہ تعلیمی ادارے اپنی آسانی کے مطابق عملی امتحانات کا انعقاد کریں گے عملی امتحانات کے انعقاد کی پیشگی اطلاع دینے کے بعد ہی بورڈ نگراں مقرر کرے گا جو کہ عملی امتحانات کے عمل کی نگرانی کرے گا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق سالانہ امتحانات کھلے میدانوں میں لینے کی تیاری کررہا ہے جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ عملی امتحانات( پریکٹیکل )تحریری امتحانات کے بعد لیے جائیں تاکہ بورڈ کو پریشانی کا سامنا نہ ہو اور طلبہ بھی تعلیمی اداروں میں اپنی تیاری مکمل کرلیں ۔ کئی اسکولوں نے اعتراض کیا تھا کہ اچانک ا س طرح اعلان کرنے سے تحریری امتحانات لینے سے قبل عملی امتحانات ( پریکٹیکل ) لینے سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوسکتی ہیں جس پر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے فیصلہ کیا کہ تحریری امتحانات کے بعد ہی عملی امتحانات لیا جائے۔