بجلی چوروں کیخلاف کارروائی 38ہزار سے زائد غیر قانونی کنکشنزمنقطع
کراچی(نیوزرپورٹر ) بجلی چوروں اور نادہندگان کیخلاف کریک ڈائون کے تسلسل میں کے الیکٹرک نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ گلشن اقبال، ملیر، سائٹ، شانتی نگراور صدر کے علاقوں سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران30ہزارکلو گرام سے زیادہ وزنی 38ہزارسے زائد غیرقانونی کنکشنزکا خاتمہ کیا گیا جن میں زیر زمین اور اوور ہیڈ نیٹ ورکس بھی شامل ہیں۔ سومار کنڈانی کے علاقے میں ہونے والی حالیہ کارروائی کے دوران کے الیکٹرک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مقامی کنڈا مافیا کی جانب سے سخت مزاحمت کے باوجود 200سے زائد غیرقانونی کنکشنز منقطع کئے ۔ کیماڑی ، قیوم آباد اور برنس روڈ کے علاقوں سے 32 کنکشن منقطع کرنے کے علاوہ غازی ٹائون ملیر میں بھی غیر قانونی نیٹ ورک کا خاتمہ کیا گیا۔ گلستان جوہر میں دو رہائشی عمارات ، کورنگی میں 80 اور لانڈھی3B کے علاقے میں 34 کنکشن قانونی خلاف ورزیوں کے باعث منقطع کئے ۔ بجلی چوری میں ملوث تمام افرادکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے نوٹسز جاری کئے گئے ۔کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ،’’ بجلی چوروں کیخلاف کارروائیوں کا آغاز کیا جاچکا ہے جن میںسائٹ ایریا میںبجلی چوری کے پانچ کیس شامل ہیں، جن سے کے الیکٹرک نے 60 لاکھ روپے کے واجبات وصول کرنے ہیں۔ بجلی چوروں پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ بجلی چوری سے باز رہیں اورجلدازجلدقانونی میٹر کے ذریعہ اپنے کنکشنز باضابطہ کرا لیں۔