ضلع غربی میں بڑھتی ہوئی چوری‘ ڈکیتی کی وارداتوں پر جما عت اسلا می کا اظہار تشو یش
کراچی (سٹی ڈیسک )نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و عبوری امیر جماعت اسلامی ضلع غربی اسحاق خان نے ضلع غربی میں بڑھتی ہوئی چوری ڈکیتی کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس گشت میں کمی اور غیر موثراسنیپ چیکنگ کی وجہ سے کراچی خصوصاََ ضلع غربی میں چوری ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ۔پولیس کی غفلت کے باعث ضلع کے کاروباری علاقے جرائم کا مرکز بن گئے ہیں۔خوف و دہشت کے ماحول نے کاروباری سرگرمیوں کو تباہ کردیا ہے۔ محمد اسحاق خان نے مزید کہا کہ عوام کا تحفظ پولیس کا فرض ہے لیکن دن ہو یا رات عوام کی جان و مال محفوظ نہیں ۔ جرائم کی بڑھتی وارداتیں پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ڈی آئی جی اپنے فرض میں کوتاہی کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کریں ۔بینک سے رقم نکالنے والے اور تاجر برادری کے افراد ڈاکوئوں کا خصوصی ہدف ہیں۔تجارتی مراکز کے گررد سیکورٹی کی صورت حال خراب ہے۔ڈی آئی جی ویسٹ فوری طور پر ضلع غربی کے علاقوں بنارس چوک، علیگڑھ بازار، میٹروول ، شیرشاہ، بلدیہ 24مارکیٹ اور اورنگی ٹائون پانچ نمبرکے اطراف پولیس گشت میں اضافے کے احکامات جاری کرکے امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں۔