ایمرجنسی سروس میں بھرتی پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ۔ عوام کا تحفظ بنیادی ذمہ داری ہے۔ عثمان بزدار۔ ریسکیو 1122 کا دائرہ کاربڑھا رہے ہیں۔ ملازمین کے الائونس میں بھی اضافہ کرنے کا فیصلہ۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ایمرجنسی سروس میں بھرتی پر پابندی ختم کرنے کے فیصلے سے ہنگامی صورتحال یا ناگہانی حادثات اور واقعات کے متاثرین کی بروقت امداد میں بہتری آئے گی۔ اس طرح مؤثر افرادی قوت کے ساتھ ان حالات پر قابو پانے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔ کالجز کی سطح سے ریسکیو سکائوٹ پروگرام اور ریسکیو عملے کی بہترین تربیت کے جامع پلان اور اس پروگرام کا دائرہ کار دیگر شہروںتک پھیلانے سے وہاں بھی بروقت امداد سے عوام کو ریلیف ملے گا۔ ایسے عوام دوست اقدامات سے جہاں صوبے میں بہتری آ ئے گی۔ وہیں ملازمت کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ حکومت ایمرجنسی سروس کیساتھ اب دیگر محکمہ جات میں بھی بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرے اور میرٹ کی بنیاد پر تمام اداروں میں بھرتی یقینی بنائے۔ یہ موجودہ حکومت کی طرف سے ایک کروڑ نوکریوں کے وعدے کی تکمیل کی طرف پہلا قدم ہوگا۔ طویل عرصے سے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر پابندی کی وجہ سے بیروزگاروں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ہزاروں نوجوان اوورایج ہو رہے ہیں۔ حکومت ان مسائل پر بھی توجہ دے۔ عوام کو موجودہ حالات سے بہت توقعات ہیں۔ اگر حکومت میرٹ پر عمل کرتے ہوئے سرکاری اداروں میں بھرتیاںشروع کرتی ہے تو اس کا عوام پر اچھا اثر پڑیگا۔ اداروں کی کارکردگی بھی بہتر ہوگی اور بیروزگاری کی شرح میں بھی کمی آئے گی۔
"ـکب ٹھہرے گا درد اے دل"
Mar 27, 2024