روزگار کی فراہمی اور ترقی میں ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دانش خان
کراچی(کامرس رپورٹر) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر دانش خان نے کہا ہے کہ ملک میں روزگار کی فراہمی کے لیے ٹیلی کمیونیکیشن کا شعبہ اہم کردار ادا کرسکتا ہے، کاروبار کے فروغ میں ٹیکنالوجی کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کاٹی میں جاز بزنس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سیمینار میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب سے جاز کے چیف کارپوریٹ اینڈ انٹر پرائز آفیسر علی نصیر، نائب صدر کاٹی ماہین سلمان، کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سیلولر سید جوہر قندھاری، چیئرمین و سی ای او کائٹ زبیر چھایا، فرحان الرحمن، سینیٹر عبدالحسیب خان اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر دانش خان نے تقریب کے شرکا کو کورنگی صنعتی علاقے کی معاشی اہمیت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کاٹی نے ہمیشہ کارپوریٹ سیکٹر کو خوش آمدید کہا ہے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے معاونت فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ روزگار کی فراہمی اور کاروباری و صنعتی شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں ٹیکنالوجی کا کردار ناگزیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے جاز بزنس کی جانب سے کاٹی میں سیمینار کے انعقاد کو قابل تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر جاز کے چیف کارپوریٹ اینڈ انٹر پرائز آفیسر علی نصیر نے کاٹی ارکان کے لیے 35فی صد ڈسکاؤنٹ کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ جاز 21ہزار کلومیٹر فائبر آپٹیک نیٹ ورک اور پانچ کروڑ صارفین کے ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاز بزنس کاروباری اور صنعتی شعبے کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دی گئی خدمات فراہم کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ اس وقت پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ 93کمپنیاں ہماری خدمات حاصل کررہی ہیں جب کہ مجموعی طور پر بزنس صارفین کی تعداد 25ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ کاٹی کے پلیٹ فورم سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی خدمات فراہم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے اور باہمی تعاون کے لیے ہمیشہ تیار رہے ہیں۔ اس موقع پر جاز کے بی ٹو بی سروسز ہیڈ فیصل ستار نے کاروباری اور صنعتی شعبے کے لیے جاز کی خصوصی سروسز سے متعلق پریزینٹیشن بھی دی۔قبل ازیں کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سیلولر کے سربراہ جوہر قندھاری نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد ٹیلی کمیونیکیشن شعبے کی لیڈنگ کمپنی اور صنعتی برادری کو ایک جگہ جمع کرنا تھا، معاشی ترقی کے لیے کارپوریٹ سیکٹر اور بزنس کمیونٹی کو باہمی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جاز کی جانب سے کاٹی ارکان کے لیے اعلان کردہ خصوصی ڈسکاؤنٹ کو قابل تعریف اقدام قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر کاٹی اور جاز کے مابین مفاہمت کی یادداشت( ایم او یو) پر دستخط ہوئے اور کیک کاٹنے کی تقریب بھی ہوئی۔