پی اے سی اجلاس چیئرمین نے سپلیمنٹری گرانٹس مختص کرنے پر تفصیلی جواب طلب کر لیا
اسلام آباد(صباح نیوز+ آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی شہباز شریف نے کہا ہے کہ میری صحت بہتر ہے بس کمر کا درد چل رہا ہے۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیرصدارت پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کا موسم رومانٹیک ہے، اسے بھی انجوائے کریں گے اور اپنا کام بھی کریں گے۔دوران اجلاس کمیٹی اراکین نے سپلیمنٹری گرانٹس پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ سپلیمنٹری گرانٹس پارلیمنٹ کی منظوری کے بغیر ہی مختص کردی جاتی ہے جس پر چیئرمین شہبازشریف نے وزارت خزانہ سے 2 ہفتوں میں تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئین کی خلاف ورزی ہے، سنجیدگی سے جائزہ لینا ہوگا۔ چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے کہا کہ مرکزی پی اے سی صرف 5 کروڑ روپے سے زائد کے آڈٹ اعتراضات دیکھے گی، 5 کروڑ سے کم کے آڈٹ پیراز ذیلی کمیٹی دیکھے گی۔اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ میری صحت بہتر ہے، کمر کا درد چل رہا ہے، علاج ہو رہا ہے اللہ تعالی خیر کرے گا، ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ فزیو تھراپی اور ایکسرسائز سے افاقہ ہوگا۔ شیخ رشید کو پی اے سی کا رکن بنانے پر شہباز شریف کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایاز صادق اور سعد رفیق کو پی اے سی کا رکن بنانے کے لیے خط لکھ دیا ہے۔
پی اے سی