ورلڈ کپ 2019ئ: وارم اپ میچز میں پاکستان کا مقابلہ افغانستان اور بنگلہ دیش سے ہو گا
اسلام آباد(بی بی سی )24 سے 28 مئی کے دوران کوالفائی کرنے والی تمام 10 ٹیمز میں سے ہر ایک دو میچز کھیلے گی۔ اِن میں سب سے پہلا مقابلہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان برِسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں ہوگا، جبکہ 26 مئی کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کارڈف ویلز سٹیڈیم میں ہوگا۔اِن دونوں مقامات کے علاوہ باقی میچز ہیمپشائر بول اور دی اوول میں بھی ہونگے۔ اِن میچز کی ٹکٹ اور نشریات کے حوالے سے معلومات اپریل میں جاری کی جائے گی۔پاکستان کے میچز کے علاوہ برطانیہ اور آسٹریلیا کے مقابلے کا بھی بے صبری سے انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ شائقین نے انڈیا اور بنگلہ دیش کے میچ پر بھے نظر رکھی ہوئی ہے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں 2019 ورلڈ کپ کے مینجنگ ڈائرکٹر سٹیو ایلوردی نے کہا ہے ’ورلڈ کپ کے لیے ولولہ خیز شیڈول کا اعلان کرنا ہمیشہ خوشی کا باعث ہوتا ہے۔ اِس سے اِس بات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہم کھیل شروع ہونے کے کتنے قریب آ گئے ہیں۔اِن میچوں سے شائقین کو ورلڈ کلاس کھلاڑیوں کو اپنے مقامی گراؤنڈز میں کھیلتے ہویے دیکھنے کا موقع ملتا ہے اور اِس ٹورنمنٹ کے ذریعے مقامی آبادی اور سکولوں کو بھی ورلڈ کپ میں شامل ہونے کا موقع ملے گا۔