اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) اوورسیز پاکستانیوں کے مقامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں اس سلسلے میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لےکر بلاتاخیر محکمانہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنرسردار سیف اﷲ ڈوگر نے ڈسٹرکٹ اوورسیز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ سی پی او اشفاق احمد خاں اور ایم پی اے / ممبر اوورسیز کمیٹی خیال احمد کاسترو بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق خان نیازی ‘ اسسٹنٹ کمشنرز شمائلہ منظور ‘ نازیہ موہل ‘ تنویر مرتضی ‘ محمد اورنگزیب ‘ خرم شہزاد بھٹی سمیت دیگر محکموں کے افسران اور درخواست گزار اوورسیز نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران اووسیرز پاکستانیوں کی 93 شکایات کا جائزہ لیا گیا جو زیادہ تر جائیدادوں پر قبضوں ‘ جائیدادوں کی وارثتی تقسیم ‘ رقوم کے لین دین ‘ جعلی دستاویزات پر فراڈ ‘ تجاوزات ‘ غیر ملکی ویزا میں دھوکہ دہی اور دیگر مسائل پر مشتمل تھیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ جائیدادوں پر قبضہ و تقسیم سے متعلق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ریونیو ریکارڈ کے مطابق موقع چیک کرکے رپورٹس پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لئے مزید قانونی اقدامات کئے جا سکےں۔