تمام ڈیلی ویجز ملازمین کے کوائف کی تعلیمی اداروں سے تصدیق کرائی جائے
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کو ہدایت کی ہے کہ تمام ڈیلی ویجز ملازمین کے کوائف کی تعلیمی اداروں سے تصدیق کرائی جائے، مستند ڈیٹا کے حصول کے بعد ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کیلئے حکومتی قوانین اور عدالتی احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تجاویز تیار کی جائیں۔ وزیر مملکت نے وزارت کیڈ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی سے متعلق تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری کیڈ اظہر چوہدری، ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن حسنات قریشی، ڈپٹی میئر چوہدری رفعت، وکلاء اور وزارت کیڈ کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ایف ڈی ای کے ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے مشیر خزانہ سے ملاقات کریں گے تاکہ تنخواہوں کیلئے فنڈز کی فوری فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔ اجلاس میں وزیر مملکت نے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کا مسئلہ نیک نیتی سے حل کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلہ میں قانونی پیچیدگیاں ہیں، قانونی مسائل کو حل کرنے کیلئے وکلاء کی ایک ٹیم سے بھی رجوع کیا گیا ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مسئلہ کا قابل عمل حل نکال لیا جائے گا۔