کورنگ روڈ پر سی ڈی اے کیخلاف کل مظاہرے کا اعلان
اسلام آباد( وقائع نگار)بنی گالہ کے عوام نے کل بعد نماز جمعہ کو کورنگ روڈ پر اسلام آباد انتظامیہ اور کیپٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کے حکام کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے کا اعلان کر دیا ہے۔اس سلسلے میں بنی گالہ کے معززین کا اجلاس گزشتہ روز علاقے کی معروف شخصیت محمد عباسی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا جس کی صدارت نمبردار مظلوم حسین عباسی نے کی۔اجلاس میں بابومحمد یونس،ممبر ریاض عباسی،راجہ اشتیاق کیانی،چوہدری محمد تاج سابق کونسلر،واجد عباسی،شایان عباسی،راجہ نثاراحمد کیانی،راجہ خرم کیانی،شکیل احمد ترابی ،راجہ آفتاب اور دیگر معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر 24 اپریل 2017 کو سپریم کورٹ نے اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے حکام کو ہدایات جاری کیں تھیں کہ وہ بوٹینکل گارڈن اورنیشنل پارک میں درختوں کی کٹائی پر پابندی عائد کرتے ہوئے ان علاقوںمیںبجلی اور گیس کی کنکشن بند کیے جائیں۔عدالت کے فیصلے کے برعکس اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے نے بنی گالہ کے پورے علاقہ میں دفعہ144 نافذ کر کے ہر طرح کی تعمیرات پر پابندی لگا دی۔رشوت ستانی کے لیے ہر دو اداروں کے حکام نے بااثر لوگوں پرمٹھی گرم ہونے پر تعمیرات کی پابندی نہ لگائی جبکہ چھوٹے پیمانے پرسیمنٹ،بجری اور ریت فراہم کرنے والوں کو گرفتار یا ہراساں کیا جا رہا ہے۔